کورونا وائرس کا پیغام
فونٹ سائز:
یہ تحریر سنئے
مطالعہ کا انداز:
یہ کیا افتاد ہے،کیسی بلا ہے،کیا مصیبت ہے
یہ ہنگامہ ہے کیوں برپا،نہ جانے کیسی آفت ہے
یکایک ہوگئی محبوس کیونکر زندگی اپنی
مچی اقصائے عالم میں بھلا کیسی قیامت ہے
یہ کیا ان دیکھی شئ آئی ہے دنیا میں وبا بن کر
پریشاں ہر بشر، ہر صاحب دل، ہر حکومت ہے
خزاں دیدہ چمن سا ہو گیا کیوں گلشن عالم
نہ رنگ و نور، نہ نغمہ، نہ خوشبو ہے نہ نکہت ہے
عجب وہم وگماں کی کیفیت رقصاں ہے دنیا میں
ہر اک چہرے پہ وحشت ہے نظر میں اجنبیت ہے
یہ جو افتاد ہے انسانیت پر اے جہاں والو!
خردمندان عالم کے لیے اک درس عبرت ہے
کہاں ہیں بندگان سیم و زر، ارباب دانش اب؟
جو کہتے تھے ہماری،سارے عالم پر قیادت ہے
وہ جن کو زعم تھا کل اپنی طاقت اورثقافت کا
ہر اک اس ناگہاں افتاد پر کیوں محو حیرت ہے
یقینا یہ کورونا جس کو اک مہلک وبا کہیے
خدا والو! تمھارے واسطےاس میں نصیحت ہے
بظاہر اک مرض ہے یہ کورونا وائرس لوگو!
حقیقت میں مگر اپنے گناہوں کی عقوبت ہے
یہ کفر و زندقہ،الحاد و بے دینی کی آلائش
ذرا سوچو! کہ کس دلدل میں ڈوبی خیر امت ہے
یہ قتل و خوں،اباحیت یہ فحاشی معاذ اللہ
ہر اک لمحہ یہاں آئین فطرت سے بغاوت ہے
امیری اور غریبی میں بھلا کیوں حد فاصل ہے
جہاں میں کیوں نہیں اب احترام آدمیت ہے
بھلا اس قوم کو اقبال حاصل ہو تو کیونکر ہو
جہاں قوم و نسب کے نام پر گندی سیاست ہے
گناہوں سے کرو توبہ، کرو تم فکر عقبی کی
کرو بس کام وہ یارو! جو از روئے شریعت ہے
صلاة وصوم سے اذکار سے دل کو کرو روشن
اگر خوشنودئ رب کی تمھارے دل میں چاہت ہے
الہی! رحم فرما تو ہماری بے بسی پر اب
کہ ہر سو تیری ہی قدرت، تری ہی بادشاہت ہے
شمیم! اہل جہاں کو، بس یہی پیغام ہے اپنا
چلو تم جادہ حق پر، اگر کچھ بھی بصیرت ہے
اعلامیہ و ادارتی وضاحت: اس تحریر میں ظاہر کی گئی آراء اور بیانات مصنف کی ذاتی رائے ہیں، ادارہ ‘دی فری لانسر’ کا ان سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔ کسی بھی تحریر کی اخلاقی و قانونی ذمہ داری خود مصنف پر عائد ہوتی ہے۔ مزید تفصیلات کے لیے ہمارا قانونی اعلامیہ و ٹیک ڈاؤن پالیسی ملاحظہ فرمائیں۔
اس مضمون کا علمی کوئز تیار کیا جا رہا ہے...
آفیشل واٹس ایپ چینل — The Freelancer Urdu
دی فری لانسر کے باضابطہ واٹس ایپ چینل سے جڑیں
تمام نئی وقیع تحریریں، علمی و تحقیقی مضامین اور ادبی کالم براہِ راست اپنے موبائل پر حاصل کریں۔
تبصرے و آراء (1)
س
سحر محمود
10 جولائی، 2021ماشاء اللہ
بہت عمدہ
حیاکم اللہ تعالی و بارک فیکم۔آمین





